کاراکاس: وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد عالمی برادری کی جانب سے امداد اور اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔ یوکرین نے متاثرہ عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، جبکہ سوئٹزرلینڈ نے 80 رکنی امدادی ٹیم اور بھاری ریسکیو سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو امید ہے کہ متاثرہ علاقے جلد اس سانحے سے بحال ہو جائیں گے۔
دوسری جانب سوئس حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ سوئس ریسکیو چین کے تحت 80 ماہر ریسکیو اہلکار، 8 تربیت یافتہ ریسکیو کتے اور 18 ٹن امدادی و ریسکیو سامان فوری طور پر وینزویلا روانہ کرے گی تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور امدادی سرگرمیوں میں مدد فراہم کی جا سکے۔
وینزویلا میں چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے دو طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں اب تک 167 افراد کی ہلاکت اور 971 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلوں کی شدت بالترتیب 7.1 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی، جن کے جھٹکے نہ صرف وینزویلا بلکہ پڑوسی ممالک کولمبیا اور برازیل کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
دارالحکومت کاراکاس اور ساحلی شہر لا گوئیرا سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں متعدد رہائشی اور تجارتی عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ کئی مقامات سے زندہ افراد کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے بتایا کہ آفٹر شاکس کے خدشے کے باعث ہزاروں شہری گھروں سے نکل کر کھلے مقامات اور سڑکوں پر موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت کاراکاس اور لا گوئیرا میں بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ مائی کیٹیا کا مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی نقصان کے باعث عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وینزویلا کے عوام اور حکومت سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
وینزویلا زلزلہ: یوکرین کا اظہارِ یکجہتی، سوئٹزرلینڈ 80 رکنی امدادی ٹیم بھیجے گا
