Baaghi TV

خوردنی تیل کے ٹینکرز کی ہڑتال، ملک میں گھی اور تیل کے بحران کا خدشہ

‎ملک میں خوراک کے ایک اور ممکنہ بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جہاں خوردنی تیل کی ترسیل کرنے والے ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
‎چیئرمین ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن بختاور خان کے مطابق خوردنی تیل کے ٹینکرز گزشتہ 10 روز سے ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہڑتال مزید جاری رہی تو ملک بھر میں خوردنی تیل کی سپلائی بند ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں گھی اور کوکنگ آئل کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
‎بختاور خان نے بتایا کہ ٹینکرز مالکان اور متعلقہ حکام کے درمیان گاڑیوں کے وزن سے متعلق تنازع جاری ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ 10 ویلر خوردنی تیل کے ٹینکرز کو مناسب وزن کے ساتھ چلانے کی اجازت دی جائے۔
‎انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 10 ویلر ایڈیبل آئل ٹینکر کی گنجائش تقریباً 60 ٹن ہے اور ان کے مطابق اس وزن سے سڑکوں یا لوڈنگ کے نظام کو نقصان نہیں پہنچتا۔
‎چیئرمین ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے حکام سے پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ٹینکرز مالکان کے مسائل کا فوری حل نکالا جائے۔
‎انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ٹینکرز کی ہڑتال جاری رکھی جائے گی، جس سے خوردنی تیل کی سپلائی مزید متاثر ہو سکتی ہے۔
‎گھی اور کوکنگ آئل روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا میں شامل ہیں اور ان کی ترسیل میں طویل تعطل نہ صرف مارکیٹ میں قلت پیدا کر سکتا ہے بلکہ قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بھی بڑھا سکتا ہے۔

More posts