Baaghi TV

اے پی پی کی ڈی لسٹنگ، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کو ڈی لسٹ کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اے پی پی کے صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے الیکشن کمیشن میں مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے 7 جنوری کو پارٹی کو 60 روز کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی نے مقررہ مدت کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کرا لیے اور اس حوالے سے سرٹیفکیٹ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارٹی کے آئین میں بھی الیکشن ایکٹ کے مطابق ضروری ترامیم کی گئی ہیں اور پارٹی کی جانب سے کسی قانونی تقاضے یا الیکشن کمیشن کی ہدایت کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کے مؤقف اور متعلقہ اعتراضات کا جائزہ لیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے پارٹی کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات پر اپنا تحریری جواب دو روز کے اندر جمع کرایا جائے۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل اور پارٹی کی جانب سے پیش کیے گئے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد عوام پاکستان پارٹی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔

More posts