نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں چاقو حملے کے دوران بینک آف امریکا کی نائب صدر ہلاک ہوگئیں، جبکہ حملہ آور خاتون بھی پولیس کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہوگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق 49 سالہ خاتون نے ٹائمز اسکوائر پر اچانک دو افراد پر چاقو سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر شدید زخمی ہوگئیں۔ حملے میں ایک اور شخص بھی زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور خاتون نے وارننگ کے باوجود چاقو لہراتے ہوئے آگے بڑھنا جاری رکھا، جس پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔
حملے میں شدید زخمی ہونے والی بینک آف امریکا کی نائب صدر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
چاقو حملے میں زخمی ہونے والا دوسرا شخص بھی اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
میئر نیویارک کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ واقعہ کسی پیشگی منصوبہ بندی کے تحت نہیں کیا گیا، بلکہ خاتون نے اچانک لوگوں پر چاقو سے حملہ کیا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
