Baaghi TV

پمز اسپتال میں جعلی ڈاکٹر گرفتار، سیکیورٹی اور انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک مرتبہ پھر سوالیہ نشان

پمز ہسپتال میں جعلی ڈاکٹر بن کر ایمرجنسی میں ڈیوٹی کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی۔

پمز ہسپتال کی ایمرجنسی میں مظہر منظور نامی نوجوان مبینہ طور پر ڈاکٹر کا روپ دھارے موجود تھا۔ ہسپتال میں موجود افراد کو اس پر شک ہوا تو اس سے پوچھ گچھ کی گئی، جس کے دوران اس کی شناخت اور ہسپتال میں موجودگی کے حوالے سے معاملہ مشکوک نکلا۔

ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے سٹیتھوسکوپ اور میڈیکل آفیسر کی مبینہ جعلی مہر برآمد ہوئی۔ ہسپتال انتظامیہ نے نوجوان کو حراست میں لے کر تھانہ کراچی کمپنی پولیس کے حوالے کردیا، جہاں اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ تفتیشی حکام اس بات کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں کہ مظہر منظور مبینہ طور پر جعلی ڈاکٹر بن کر پمز ہسپتال کی ایمرجنسی میں کس مقصد کے تحت موجود تھا، وہ کب سے ہسپتال آ جا رہا تھا اور اس دوران اس نے کسی مریض، ڈاکٹر یا دیگر طبی عملے سے رابطہ کیا یا نہیں۔

واقعے نے پمز ہسپتال کی سیکیورٹی، ڈاکٹرز کی شناخت کی جانچ اور انتظامی نگرانی کے نظام پر بھی اہم سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کے بعد معاملے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

More posts