Baaghi TV

پمز اسپتال آتشزدگی:وفاقی سیکریٹری صحت معطل

پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نےمتعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری صحت کو معطل کر دیا-

پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کے تعین کے حوالے سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ لینے کے بعد حفاظتی انتظامات سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے اجلاس سے باہر جانے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے واقعے کی وجوہات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے،سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ واقعے کی جامع اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے،جبکہ آتشزدگی کے واقعے میں متعدد نومولود بچوں کی ہلاکت پر وزیراعظم نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔

More posts