Baaghi TV

‎اردن کا ایرانی ڈرونز گرانے کا دعویٰ، فضائی حدود میں 4 ڈرون تباہ

‎اردن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے ایران سے چھوڑے گئے چار حملہ آور ڈرونز کو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل تباہ کر دیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور امریکا کے اتحادی ممالک پر حملوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
‎عرب میڈیا کے مطابق ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ اردنی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے ایک طرفہ حملے کے لیے استعمال ہونے والے چار ڈرونز کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
‎فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا ملبہ مختلف مقامات پر گرا، جس کے بعد انجینئرنگ کور کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، ملبہ اپنی تحویل میں لیا اور متاثرہ علاقوں کو محفوظ بنا دیا۔
‎اردنی فوج کے مطابق ملک کی مسلح افواج فضائی حدود کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل آپریشنل تیاری برقرار رکھی گئی ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ملکی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
‎تاہم اس خبر کے وقت تک ایران کی جانب سے اردن کے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ان ڈرونز کے ایرانی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
‎مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث خطے کے متعدد ممالک اپنی فضائی نگرانی اور دفاعی اقدامات مزید سخت کر رہے ہیں، کیونکہ حالیہ فوجی سرگرمیوں نے علاقائی سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔

More posts