عالمی سطح پر سونے کی قیمت نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
بدھ کے روز عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت 4 ہزار 800 ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے محفوظ سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی طلب اور امریکی ڈالر کی کمزوری نے سونے کی قیمتوں کو اوپر دھکیل دیا اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,821 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ کاروبار کے دوران یہ 4,843 ڈالر کی ریکارڈ سطح کو بھی چھو گئی،اسی طرح فروری میں ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 1 فیصد اضافے کے بعد 4,813 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتے رہے۔
دوسری جانب مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں،ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت بھی 12ہزار 700روپے کے بڑے اضافے سے 5لاکھ 6ہزار 362روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت 10ہزار 888روپے بڑھ کر 4لاکھ 34ہزار 123روپے کی سطح پر آگئی،اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 64 روپے کے اضافے سے 9ہزار 933 روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی، فی دس گرام چاندی کی قیمت 54روپے کے اضافے سے 8ہزار 515روپے کی سطح پر آگئی۔
ماہرین کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک پر ممکنہ ٹیرف، گرین لینڈ پر کنٹرول کے سخت بیانات اور نیٹو اتحادیوں پر تنقید نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید دھچکا پہنچایا ہے،مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار امریکی ڈالر اور طویل مدتی بانڈز سے نکل کر سونے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ڈالر یورو اور سوئس فرانک کے مقابلے میں تین ہفتوں کی کم ترین سطح کے قریب رہا، جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مسلسل تیسرے روز بھی مندی دیکھی گئی۔
