Baaghi TV

بلوچستان میں‌تعلیم اور صحت کی سہولیات میں اضافے کیلئے حکومتی عزم اقدامات میں تبدیل

بلوچستان میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے حکومتی عزم عملی اقدامات کی صورت اختیار کر گیا ہے، جہاں صوبائی حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کرکے عوامی بہبود کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق بلوچستان نے فی کس تعلیمی اور صحت بجٹ کے لحاظ سے دیگر صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ صوبے کی ایک کروڑ 48 لاکھ سے زائد آبادی کے لیے 144 ارب روپے کا تعلیمی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جو فی کس 9 ہزار 668 روپے بنتا ہے۔اسی طرح صحت کے شعبے کے لیے 96 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو فی کس 6 ہزار 445 روپے کے مساوی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت انسانی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں یہ تاریخی سرمایہ کاری صوبے کے عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری، انسانی وسائل کی ترقی اور پائیدار سماجی و معاشی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔تجزیہ کاروں کے مطابق دیگر صوبوں کے مقابلے میں فی کس بنیادوں پر صحت اور تعلیم کے لیے ریکارڈ بجٹ مختص کرنا بلوچستان حکومت کے عوامی بہبود کے عزم کا واضح ثبوت ہے، جس کے مثبت اثرات آنے والے برسوں میں صوبے کی مجموعی ترقی پر مرتب ہوں گے۔

More posts