Baaghi TV

سگریٹ کا غیرقانونی کاروبار،قومی خزانے کو 300 ارب کا نقصان ہو رہا،خواجہ آصف

khawaja asif

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں سگریٹ کے غیرقانونی کاروبار کے باعث حکومت کو ٹیکس کی مد میں سالانہ تقریباً 300 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بجٹ کی تیاری اور ٹیکسوں کے حوالے سے مختلف شعبوں کے نمائندے ان سے رابطے کر رہے ہیں۔ سگریٹ کی قانونی صنعت سے وابستہ افراد کا مؤقف ہے کہ ٹیکس کی شرح میں کمی کی جائے تو غیرقانونی سگریٹ کا کاروبار کم ہو سکتا ہے اور قومی خزانے کی آمدن میں اضافہ ممکن ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ وہ عمومی طور پر اس مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ماضی میں غیرقانونی اور اسمگل شدہ سگریٹ بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں تو یہ کاروبار ایک صوبے سے نکل کر دیگر صوبوں تک پھیل گیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ غیرقانونی سگریٹ کی تیاری اب نئے طریقوں سے جاری ہے اور اطلاعات ہیں کہ بعض عناصر پولٹری فارموں کے اندر مشینری نصب کرکے سگریٹ تیار کر رہے ہیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق غیرقانونی سگریٹ کی تجارت سے حکومت کو 300 ارب روپے کے ٹیکس ریونیو کا نقصان ہو رہا ہے۔ ان کے بقول ایک رائے یہ بھی ہے کہ ٹیکسوں میں کمی سے ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہوگی اور زیادہ لوگ قانونی طور پر ٹیکس ادا کرنے پر آمادہ ہوں گے۔

وزیر دفاع نے ٹیکس وصولی کے نظام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک میں ٹیکس درست طریقے سے جمع کیا جائے تو پاکستان بین الاقوامی مالیاتی اداروں پر انحصار کم کرکے معاشی خودمختاری کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے حجم کے مقابلے میں ٹیکس وصولی کا جائزہ لینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

More posts