ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے چھوٹے بیٹے بیرن ٹرمپ کو قتل کرنے کی مبینہ سازش سے متعلق اطلاعات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے ان اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرن ٹرمپ کے قتل کی مبینہ سازش سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ایران انٹرنیشنل کے مطابق محسن رضائی نے لبنان کے ’المنار ٹی وی‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران بیرن ٹرمپ کے خلاف مبینہ قتل کی سازش سے متعلق اطلاعات کو جھوٹ قرار دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں 20 سالہ بیرن ٹرمپ کے خلاف مبینہ سازش کا ذکر کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں بیرن ٹرمپ کے قتل پر 10 ملین ڈالر انعام مقرر کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔مبینہ ویڈیو میں ٹرمپ ٹاور، بیرن ٹرمپ کے اسکول اور دیگر مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔ تاہم ایرانی حکام کی جانب سے ان اطلاعات کو مسترد کیے جانے کے بعد ان دعوؤں کی صداقت پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
