مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کے مختلف علاقوں میں امریکی اور اسرائیلی ڈرونز کو مار گرایا ہے،
ایرانی حکام کے مطابق صوبہ لورستان میں ایک امریکی MQ-9 ڈرون کو تباہ کیا گیا، جبکہ دارالحکومت تہران کے نواحی علاقے میں ایک اسرائیلی ہرمس ڈرون کو بھی مار گرایا گیا۔ ایرانی حکام نے ان دعوؤں کے ساتھ تباہ کیے گئے ڈرونز کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ایرانی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع ہونے والی کارروائیوں کے بعد سے اب تک ایرانی فضائی دفاع نے 75 سے زائد ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں تعینات فضائی دفاعی نظام امریکی اور اسرائیلی طیاروں اور بغیر پائلٹ طیاروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس کی جوابی فوجی کارروائیاں آئندہ دنوں میں مزید تیز اور وسیع ہوں گی۔ ایرانی قیادت کے مطابق اگر حملے جاری رہے تو خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی شہر شیراز میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد شہید ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق حملہ ایک رہائشی علاقے پر کیا گیا جس کے باعث شہری املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رات بھر جاری کارروائیوں کے دوران ایران کے 6 بیلسٹک میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا، جبکہ حالیہ حملوں میں ایران کے 3 جدید فضائی دفاعی نظام بھی نشانہ بنائے گئے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری جھڑپیں پورے مشرقِ وسطیٰ میں بڑے تصادم کا خطرہ پیدا کر رہی ہیں، جس کے اثرات عالمی سلامتی اور معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
