پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتوں کے بعد اسلام آباد سے مسقط روانہ ہوگئے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کا وفد نور خان ائیربیس سے واپس روانہ ہوا، اس موقع پر پاکستانی اعلیٰ حکام، ایرانی سفیر اور ایرانی سفارت خانہ کے عہدید ارو نے وفد کو الوداع کہا، ایرانی وزیر خارجہ عمان کے دارالحکومت مسقط کے بعد ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں روسی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
قبل ازیں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے بعد بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے وفد سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔
