Baaghi TV

ایرانی وفد آج رات پاکستان پہنچے گا، اہم سفارتی مشاورت متوقع

‎ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد آج رات پاکستان پہنچنے والا ہے، جہاں وہ مختصر قیام کے دوران اہم سفارتی ملاقاتیں کرے گا۔ ذرائع کے مطابق وفد کی آمد رات تقریباً 10 بجے متوقع ہے اور اس دورے کو جاری امریکا ایران مذاکرات کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
‎اطلاعات کے مطابق ایرانی وفد پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اعلیٰ حکام سے ملاقات کرے گا اور خطے کی موجودہ صورتحال، کشیدگی میں کمی اور امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان اس وقت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مشاورت مکمل کرنے کے بعد ایرانی وفد روس روانہ ہوگا، جہاں مزید سفارتی بات چیت کی جائے گی۔ اس کے بعد وفد عمان کا دورہ کرے گا، جہاں حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری رہے ہیں۔
‎سفارتی حلقوں کے مطابق ان تمام مشاورتوں کے بعد ایرانی حکومت کی جانب سے ایک حتمی فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے، جو خطے کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کا یہ سفارتی دورہ ظاہر کرتا ہے کہ تہران مختلف ممالک کے ساتھ مشاورت کے ذریعے کسی مشترکہ لائحہ عمل تک پہنچنا چاہتا ہے۔ پاکستان، روس اور عمان جیسے ممالک کا کردار اس عمل میں اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

More posts