Baaghi TV

وزیر خارجہ اسحاق ڈار لندن پہنچ گئے، برطانوی وزیر خارجہ سمیت اہم حکام سے ملاقاتیں متوقع

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار برطانیہ کے سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے ہیں۔ ان کا دورہ 24 سے 28 اگست 2026 تک جاری رہے گا۔

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ، دفتر خارجہ و دولتِ مشترکہ کے پاکستان کے لیے وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سمیت برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقاتوں میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

اسحاق ڈار بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں علاقائی بحری سکیورٹی اور سمندری امور پر بات چیت ہوگی۔

نائب وزیراعظم دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دولتِ مشترکہ سے متعلق امور اور باہمی تعاون کے معاملات زیر بحث آئیں گے۔

اسحاق ڈار کا یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی، بحری سکیورٹی اور عالمی تعاون کے حوالے سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts