ربیع الاوّل کے بابرکت مہینہ میں کتاب ”خیر البشر“ کی رونمائی باعث سعادت ہے: سلمان قریشی
لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام نامور شاعر عابد رشید کے چوتھے نعتیہ مجموعہ ”خیر البشر“ کی تقریب رونمائی، صدارت نذیر قیصر نے کی۔اس موقع پر کلب کے سینئرنائب صدر سلمان قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ربیع الاوّل کے بابرکت مہینے میں نامور ادبی شخصیات کے جھرمٹ میں ”خیر البشر“ کی رونمائی ہمارے لئے باعث سعادت ہے،ہم کلب میں ادبی تقریبات، سیمینار، مشاعرے کرواتے رہتے ہیں اور آئندہ بھی یہ ہماری پہلی ترجیح رہے گی۔انہوں معزز مہمانوں کی تشریف آوری پر مسرت کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے پریس کلب کے جنرل سیکرٹری افضال طالب تقریب میں شرکت کیلئے آئے مگر ضروری کام کی وجہ سے چلے گئے تھے جبکہ گورننگ باڈی کے رکن محمد کامران خان نے بھی شرکت کی۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض سعید اختر نے نبھائے جبکہ شہزاد فراموش نے معاونت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز محمد عقیل نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اس کے بعد حسنین مظہری نے عابد رشید کی لکھی ایک نعت لے میں پڑھی اور بھرپور داد سمیٹی۔
صاحب صدارت نذیر قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نعت ایک بہت پیارا اور بہت بڑا موضوع ہے اس میں نئے زاویوں پر کام کی ضرورت ہے۔صاحب کتاب عابد رشید نے مہمانوں اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور اپنی نعتیں بھی سنائیں۔سٹیج پر بیٹھے حسین مجروح،پروفیسر غلام حسین ساجد، پروفیسر عباس مرزا، ڈاکٹر شاہد اشرف اور ڈاکٹر طارق شریف زادہ نے عابد رشید کی کتاب اور ان کی نعت گوئی پر خوبصورت گفتگو کی۔اس موقع پر غلام حسین ساجد نے کہا کہ وہ کلب لائبریری کیلئے توقع سے زیادہ کتابیں دینگے۔انمول گوہر علی نے عابد رشید کو پھول پیش کئے۔بعد ازاں کتاب کی رونمائی میں مقررین کے علاوہ شرکاءمجلس بھی شریک ہوئے۔ تقریب میں بابا نجمی، عابدہ قیصر، اسد رانا، ایم ایوب،جاوید ہاشمی، فراز فاروقی، رفیق خان، جواد احمد، طارق کامران، شبیر صادق، جمال احمد، سبطین رضا، رانا تحمل،شجاعت حامد، عمیر احمد، علی شیخ، شاکر حسین شاہ اور مختلف مکتبہ ہائے فکر کے افراد نے شرکت کی۔
