ایران کے صوبہ فارس میں قدرتی گیس کے بڑے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جن سے ملک کی معیشت میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایرانی وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق نئی گیس فیلڈ میں قدرتی گیس کے ساتھ مائع گیس کے بھی بڑے ذخائر موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے دریافت ہونے والے ذخائر ایران کے توانائی کے وسائل میں نمایاں اضافہ کرسکتے ہیں اور مستقبل میں ملکی آمدن بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
فارس صوبے میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اپنے توانائی کے وسائل کو مزید وسعت دینے اور ان سے معاشی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
گیس ایکسپورٹنگ کنٹریز فورم کے اعداد و شمار کے مطابق ایران روس کے بعد دنیا میں قدرتی گیس کے دوسرے سب سے بڑے ثابت شدہ ذخائر رکھنے والا ملک ہے، جہاں تقریباً 34 ٹریلین مکعب میٹر کے ثابت شدہ قدرتی گیس ذخائر موجود ہیں۔
ایرانی وزیرِ پیٹرولیم نے بتایا کہ نئی گیس فیلڈ سے جلد پیداوار شروع کرنے کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے۔ نئی فیلڈ سے حاصل ہونے والی گیس کو صنعتوں اور دیگر زیادہ توانائی استعمال کرنے والے شعبوں سمیت مختلف ضروریات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق نئے ذخائر سے نہ صرف ایران کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اضافی پیداوار کی صورت میں ملکی معیشت اور برآمدات کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
