Baaghi TV


کراچی میں شہید رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ

‎کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ حکام کے مطابق شہداء نے دہشت گردوں کے حملے کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور حملے کو ناکام بنایا۔
سرکاری بیان کے مطابق حملے کی ذمہ داری بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی کالعدم تنظیم جماعت الاحرار پر عائد کی گئی ہے۔
‎نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے اہل خانہ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کیا۔
‎اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس میں ملوث عناصر کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا جہاں بھی ہوں تعاقب کریں گی اور انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا۔
‎گورنر سندھ نے اپنے بیان میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے متحد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔
‎وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ رینجرز کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بناتے ہوئے عظیم قربانی دی، پوری قوم ان کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز مل کر کام جاری رکھیں گے۔
‎نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ دہشت گرد حملے کی جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

More posts