نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار اور ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ ماریا فرنانڈا ایسپینوسا نے ملاقات کی، جس میں عالمی امور، اقوام متحدہ کے کردار اور بین الاقوامی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے ماریا فرنانڈا ایسپینوسا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور بین الاقوامی معاملات میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو مزید مضبوط بنانے کا حامی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کو زیادہ مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل ادارے میں ضروری اصلاحات متعارف کرائیں گے اور سلامتی کونسل کی طویل عرصے سے زیر التوا قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے، خصوصاً فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادیں، جن پر عملدرآمد مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے احترام کے لیے اپنی وابستگی پر قائم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن، استحکام، انصاف اور خوشحالی کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ فعال تعاون جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی امن، سفارت کاری، بین الاقوامی تعاون اور اقوام متحدہ کے مستقبل کے کردار سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ پاکستان نے ایک مؤثر، مضبوط اور اصلاح شدہ اقوام متحدہ کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی امیدوار ماریا فرنانڈا ایسپینوسا کی ملاقات
