Baaghi TV


پنجاب میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی رقم وصول کرنے پر پابندی

‎پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے دکانداروں اور کاروباری اداروں کی جانب سے صارفین سے پلاسٹک شاپنگ بیگ کے عوض اضافی رقم وصول کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نئے ضوابط کے تحت 6 ستمبر 2026 کے بعد کوئی بھی اسٹور، سپر مارکیٹ، برانڈ یا دکان پلاسٹک بیگ کے لیے الگ سے رقم وصول نہیں کر سکے گی۔
‎ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول کے مطابق اس اقدام کا مقصد پلاسٹک کے استعمال میں کمی لانا اور ماحول دوست پالیسیوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پابندی کا اطلاق پورے پنجاب میں ہوگا اور تمام کاروباری مراکز کو نئے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔
‎اس مہم کے سربراہ ڈاکٹر عمران نے کہا کہ کئی بڑے برانڈز اپنے نام کی برانڈنگ والے پلاسٹک شاپنگ بیگز صارفین کو فروخت کرتے ہیں اور اس مد میں اضافی رقم وصول کرتے ہیں، تاہم نئے قانون کے تحت یہ عمل غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔ البتہ کپڑے، کاغذ یا دیگر ماحول دوست مواد سے تیار کردہ شاپنگ بیگز کی قیمت وصول کرنے کی اجازت برقرار رہے گی۔
‎ادارہ تحفظ ماحول نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 6 ستمبر 2026 کے بعد کوئی دکان یا برانڈ پلاسٹک شاپنگ بیگ کے لیے اضافی رقم وصول کرے تو اس کی فوری شکایت ہیلپ لائن 1373 پر درج کرائی جائے تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
‎حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پہلی خلاف ورزی پر 5 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ دکان یا کاروباری مرکز کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر بھی درج کی جا سکتی ہے۔
‎ماہرین کے مطابق یہ اقدام پلاسٹک آلودگی میں کمی، ماحول کے تحفظ اور شہریوں میں ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔

More posts