مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینیوں پر حملوں کی کوریج کرنے والی امریکی میڈیا ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں دو صحافی اور ایک فلسطینی خاتون زخمی ہوگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق آبادکاروں نے صحافیوں کو گھیر کر مارا پیٹا اور ان کے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی، جبکہ امریکی میڈیا کو انٹرویو دینے والی فلسطینی خاتون پر بھی تشدد کیا گیا۔
میڈیا ٹیم فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی آبادکاروں کے مبینہ حملوں اور تشدد کی رپورٹنگ کر رہی تھی۔ واقعے پر فارن پریس ایسوسی ایشن نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔
ایف پی اے کے مطابق صحافیوں اور فلسطینی شہریوں پر حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ ایسے واقعات مسلسل پیش آ رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے اسرائیلی فوج اور پولیس سے حملے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب ایک روز قبل نقاب پوش اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے این بی سی نیوز کی ٹیم پر حملے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔ یہ واقعہ فلسطینی گاؤں جلود میں پیش آیا تھا، جہاں صحافی ایک بے دخل کی گئی فلسطینی خاتون کا انٹرویو کرنے پہنچے تھے۔
