Baaghi TV

13 سالہ عائشہ کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے تمام اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی کی 13 سالہ عائشہ کے علاج کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اس کے بون میرو ٹرانسپلانٹ سمیت علاج کے تمام اخراجات صوبائی حکومت کی جانب سے برداشت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر سے عائشہ کی بیماری، علاج اور خاندان کی مالی صورتحال سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ عائشہ فینکونی انیمیا کے مرض میں مبتلا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اس کے علاج کے لیے بون میرو ٹرانسپلانٹ ضروری ہے۔

ڈاکٹرز نے 13 سالہ عائشہ کے علاج پر تقریباً 25 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا ہے۔ عائشہ کے والد عابد حسین نے بیٹی کی زندگی بچانے اور علاج جاری رکھنے کے لیے مالی معاونت کی اپیل کی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے متاثرہ خاندان سے رابطہ کیا اور عائشہ کے علاج کے حوالے سے ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

حکومت کی جانب سے عائشہ کے علاج کے تمام اخراجات اٹھانے کے فیصلے سے متاثرہ خاندان کو علاج کے بھاری اخراجات کی فکر سے بڑی حد تک نجات ملنے کی امید ہے، جبکہ عائشہ کے بون میرو ٹرانسپلانٹ اور دیگر طبی ضروریات کے لیے سرکاری سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔

More posts