Baaghi TV

جاپان کا پاکستان میں ٹی بی اسکریننگ کیلئے 21 ملین ین کی گرانٹ کا اعلان

جاپانی حکومت نے پاکستان میں تپِ دق (ٹی بی) کی بروقت تشخیص اور اسکریننگ کے لیے آلات اور گاڑی کی خریداری کی غرض سے ڈوپسی فاؤنڈیشن کو 21 ملین ین، تقریباً ایک لاکھ 42 ہزار 500 امریکی ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گرانٹ کے معاہدے پر یکم ستمبر 2026 کو پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی اور ڈوپسی فاؤنڈیشن کے نمائندے نے دستخط کیے۔ اس منصوبے کا مقصد پسماندہ اور بنیادی صحت کی سہولیات سے محروم آبادیوں تک ٹی بی کی تشخیص سمیت دیگر ضروری طبی خدمات پہنچانا ہے۔

ڈوپسی فاؤنڈیشن کئی سال سے پاکستان کی پسماندہ کمیونٹیز کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ منصوبے کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی اور ضلع چکوال میں مکمل طور پر لیس موبائل ہیلتھ یونٹ تعینات کیا جائے گا۔

موبائل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے پسماندہ علاقوں کے شہریوں کو ڈیجیٹل چیسٹ ریڈیوگرافی، ٹی بی اسکریننگ، خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق مشاورت اور بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

منصوبے کے تحت ٹی بی کی تشخیص کے لیے جدید کمپیکٹ ایکسرے سسٹم کے ساتھ مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی، جس سے بیماری کی بروقت نشاندہی اور اسکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس منصوبے کے ذریعے ہر سال تقریباً 20 ہزار افراد کو معیاری طبی اسکریننگ کی سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی جدید تشخیصی سہولیات تک رسائی حاصل ہوسکے گی۔

جاپانی سفیر اکامٹسو شیوچی نے کہا کہ بیماری کی بروقت تشخیص زندگیوں کو بچانے اور خاندانوں کو بیماری کے خطرے سے محفوظ رکھنے میں براہِ راست اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ پاکستان میں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا اور جاپان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کرے گا۔

More posts