Baaghi TV

ڈیفنس خیابان بخاری میں تشدد کا معاملہ، متاثرہ بہن بھائی کو دھمکیوں کا انکشاف

کراچی: ڈیفنس خیابان بخاری میں تشدد کا نشانہ بننے والے بہن بھائی اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں ملنے اور صلح پر مجبور کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان نے اپنا سامان فلیٹ سے دوسری جگہ منتقل کردیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعے میں ملوث دونوں فریقین کو آج اپنے دفتر طلب کرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والی ویڈیو کی فارنزک جانچ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکاروں کو بھی متعلقہ تھانے طلب کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک خاتون ہاتھوں میں ڈمبل اٹھائے باوردی پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سیڑھیوں سے اترتی دکھائی دیتی ہے۔ ویڈیو میں خاتون کو فلیٹ کے باہر موجود ایک خاتون پر ڈمبل سے حملہ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ویڈیو کے مطابق مزاحمت کے دوران پولیس اہلکار مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بننے والوں ہی کو روکنے کی کوشش کرتے رہے، جبکہ سادہ لباس میں موجود ایک شخص نے ایک پولیس اہلکار سے سرکاری بندوق لے کر سی سی ٹی وی کیمرا بھی توڑ دیا۔

متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ فلیٹ میں رہتی ہیں۔ ان کے مطابق ایک بااثر خاتون نے نہ صرف ان کے ساتھ مبینہ طور پر مارپیٹ کی بلکہ دونوں بہن بھائیوں کو گرفتار کروا کر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرادیا۔متاثرہ خاتون کے مطابق دونوں بہن بھائیوں نے چند روز بعد ضمانت حاصل کرلی تھی۔ واقعے کے بعد اب خاندان کو مبینہ دھمکیوں اور صلح کے لیے دباؤ کا سامنا ہے، جس پر پولیس حکام نے فریقین کو طلب کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

More posts