Baaghi TV

خیبر پختونخوا اسمبلی نے استحقاق سے متعلق ترمیمی ایکٹ منظور کر لیا

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی نے استحقاق سے متعلق ترمیمی ایکٹ منظور کر لیا ہے، جس کے تحت اسمبلی کے استحقاق کی خلاف ورزیوں پر قید، جرمانے یا دونوں سزائیں دینے کی شقیں شامل کر دی گئی ہیں۔

منظور شدہ ترمیمی ایکٹ کے مطابق اسمبلی یا کسی قائمہ کمیٹی کی کارروائی، سوالات، قرارداد، تحریک یا تحریکِ التوا کو ایوان میں پیش کیے جانے یا سرکاری طور پر جاری ہونے سے قبل شائع یا نشر کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ قانون کے تحت ایسی خلاف ورزی کو قابلِ سزا جرم تصور کیا جائے گا۔ایکٹ میں مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں کے لیے الگ الگ سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔ اسمبلی کی کارروائی یا کسی رکن کی تقریر کی مسخ شدہ یا گمراہ کن رپورٹ شائع کرنے پر تین ماہ تک قید یا تین لاکھ روپے جرمانہ، یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔اسی طرح ممنوعہ اسمبلی کارروائی یا قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کو قبل از وقت شائع یا نشر کرنے والے افراد کو چھ ماہ تک قید، دس لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ترمیمی قانون کے تحت اسمبلی یا اس کے وقار کے خلاف ہتک آمیز بیانات شائع کرنے پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس جرم کے مرتکب افراد کو چھ ماہ تک قید، پانچ لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔مزید برآں، اسمبلی کے کسی افسر پر حملہ کرنے یا سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کی صورت میں ایک ماہ تک قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ، یا دونوں سزائیں نافذ کی جا سکیں گی۔

More posts