Baaghi TV

کم کارڈیشین کے برانڈ کے ملبوسات کی کھیپ میں 84 لاکھ ڈالر کی کوکین اسمگل کرنے والا ڈرائیور گرفتار

showbiz

برطانیہ میں ایک پولش ٹرک ڈرائیور کو کم کارڈیشین کے معروف ملبوساتی برانڈ ’اسکِمز‘ کی کپڑوں کی کھیپ میں لاکھوں ڈالر مالیت کی کوکین اسمگل کرنے کے جرم میں 13 سال 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

برطانیہ کی ایک عدالت نے پولینڈ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ ٹرک ڈرائیور جیکب یان کونکل کو 84 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی کوکین اسمگل کرنے کے جرم میں 13 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی،منشیات کو ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا جبکہ اصل تجارتی سامان قانونی تھا-

چیلمزفورڈ کراؤن کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران بتایا گیا کہ ملزم نے کم کارڈیشین کے معروف برانڈ ’اسکِمز‘ کے زیرِ جامہ اور ملبوسات پر مشتمل کھیپ میں منشیات چھپا رکھی تھیں یہ سامان نیدرلینڈز سے برطانیہ منتقل کیا جا رہا تھا۔

برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے مطابق کونکل گزشتہ سال ستمبر میں ایسیکس کے علاقے ہاروچ پورٹ پر اس وقت گرفتار ہوا جب وہ ’ہُک آف ہالینڈ‘ سے فیری کے ذریعے برطانیہ پہنچا بارڈر فورس حکام نے اس کے بھاری مال بردار ٹرک کو ایکس رے مشین سے اسکین کیا، جس کے دوران خفیہ طور پر چھپائی گئی منشیات کا پتا چلا۔

تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ٹرک میں موجود 28 پیلیٹس پر مشتمل ’اسکِمز‘ برانڈ کی کھیپ مکمل طور پر قانونی تھی اور نہ ہی برآمد کنندہ یا درآمد کنندہ کا اسمگلنگ سے کوئی تعلق تھا۔ تاہم ٹرک کو خصوصی طور پر تبدیل کیا گیا تھا اور پچھلے ٹریلر کے دروازوں میں خفیہ خانے بنائے گئے تھے دورانِ سفر کونکل نے ایک مقام پر رک کر تقریباً 90 پیکٹوں پر مشتمل 198 پاؤنڈ کوکین حاصل کی اور انہیں خفیہ خانوں میں چھپا دیا۔

ابتدائی طور پر ملزم نے منشیات سے لاعلمی ظاہر کی، تاہم بعد میں اس نے جرم قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اسے اسمگلنگ کے عوض 4 ہزار 500 یورو ادا کیے جانے تھےنیشنل کرائم ایجنسی کے آپریشنز مینیجر پال آرچرڈ نے کہا کہ منظم جرائم پیشہ گروہ اکثر قانونی تجارتی سامان کی آڑ میں منشیات منتقل کرنے کے لیے بدعنوان ڈرائیوروں کا استعمال کرتے ہیں، کونکل جیسے ڈرائیور کلاس اے منشیات کو مکمل طور پر قانونی کھیپ میں چھپا کر سرحد پار منتقل کرتے ہیں اس کارروائی کے ذریعے بڑی مقدار میں کوکین قبضے میں لے لی گئی، جس سے اسمگلنگ نیٹ ورک کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔‘

More posts