Baaghi TV

کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،سربراہ خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر

ایرانی فوج کی مشترکہ کمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے سربراہ جنرل عبداللہی نے واضح کیا ہے کہ ایران اپنے مخالفین کی کسی بھی جارحانہ کارروائی کا فوری، سخت اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اپنے بیان میں جنرل عبداللہی نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول مضبوط اور مؤثر ہے، اور تہران خطے کی زمینی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہیں خطے کی صورتحال کے بارے میں غلط بیانیہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی، علاقائی خودمختاری اور دفاعی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اگر کسی جانب سے اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کا فوری جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے بھی خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے دوبارہ حملوں کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایرانی طیارے یا کسی بھی ایرانی اثاثے کے خلاف کارروائی کی گئی تو اس کا یقینی اور مناسب جواب دیا جائے گا۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی قیادت کے یہ بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ تہران خطے میں کسی بھی ممکنہ عسکری دباؤ یا حملے کے لیے خود کو تیار رکھے ہوئے ہے۔ آبنائے ہرمز کی اسٹریٹیجک اہمیت کے باعث دنیا بھر کی نظریں اس خطے پر مرکوز ہیں، کیونکہ عالمی تیل تجارت کا بڑا حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے۔

More posts