کرم: ضلع کرم میں قیامِ امن اور قبائلی تنازعات کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، علیزئی میں وتیزئی اور علیزئی قبائل کے درمیان امن معاہدے کی تجدید کے لیے ہونے والا جرگہ کامیاب ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر کرم فہد وزیر کے مطابق علیزئی میں منعقدہ اہم جرگے میں دونوں قبائل کے عمائدین اور نمائندوں نے شرکت کی۔ جرگے کے دوران وتیزئی اور علیزئی قبائل نے مستقل بنیادوں پر امن، ترقی اور خوشحالی کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا اور سابقہ امن معاہدے کی تجدید کرتے ہوئے اس پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر فہد وزیر نے بتایا کہ امن معاہدے کی ابتدائی طور پر چار ماہ کے لیے تجدید کی گئی ہے۔ اس دوران تمام قبائل امن معاہدے کی شرائط کی پابندی کریں گے اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کیا جائے گا جس سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ چار ماہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد معاہدے میں مزید ایک سال کی توسیع خودکار طور پر ہوجائے گی۔ معاہدے کی تجدید کو ضلع کرم میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قبائل پرامن ماحول برقرار رکھنے اور باہمی اختلافات کو جرگے اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔فہد وزیر کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ تمام قبائل ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں اور معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن معاہدے کی تجدید سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔
جرگے میں قبائلی عمائدین نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں مستقل امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور کسی بھی تنازع کو مسلح تصادم کے بجائے باہمی مشاورت اور جرگے کے ذریعے حل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک سال قبل وتیزئی اور علیزئی قبائل کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا۔ موجودہ جرگے میں اسی معاہدے کی تجدید کرتے ہوئے فریقین نے امن عمل کو آگے بڑھانے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے
