اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تینوں ممالک کو مزید قریب کردیا ہے اور خطے میں اتحاد، یکجہتی اور امن کا پیغام دیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، اس لیے اب دونوں ممالک کو اپنے تعلقات کو مزید مضبوط معاشی بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو باہمی مفاد پر مبنی تجارت اور سرمایہ کاری کی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمدات کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی تعمیری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون سے متعلق بات چیت کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور اس شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم کی جانب سے اپنے اور وفد کے لیے گرمجوشانہ میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، عطا تارڑ، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق ملک، جنید انور چوہدری، ڈاکٹر سید توقیر شاہ، بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
