Baaghi TV

غازیانِ وطن کو سلام، سپاہی مقبول حسین کی 8ویں برسی آج منائی جا رہی

سپاہی مقبول حسین شہید کی آٹھویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ وطن عزیز کے دفاع اور سربلندی کے لیے جانفشانی کا مظاہرہ کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں ملکی تاریخ کا روشن اور قابلِ فخر باب ہیں۔

سپاہی مقبول حسین کی زندگی وطن سے وفاداری، فرض شناسی، عزم و استقامت اور بے مثال بہادری کی لازوال داستان ہے۔ ان کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے تراڑکھل سے تھا اور وہ 4 آزاد کشمیر رجمنٹ کے سپاہی تھے۔سپاہی مقبول حسین نے 1965 کی جنگ کے دوران دشمن کے خلاف بہادری سے اپنے فرائض انجام دیے اور جرات و شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ جنگ کے دوران وہ شدید زخمی ہوئے اور بھارتی فوج کے ہاتھوں گرفتار کرلیے گئے۔بھارتی قید میں سپاہی مقبول حسین کو طویل عرصے تک بدترین ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وطن سے وفاداری اور قومی جذبے میں کوئی کمی نہ آئی۔ چار دہائیوں پر محیط بھارتی قید کے بعد وہ 17 ستمبر 2005 کو وطن واپس پہنچے۔سپاہی مقبول حسین 28 اگست 2018 کو خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی بہادری، استقامت اور وطن سے محبت آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

سپاہی مقبول حسین نے اپنی زندگی سے یہ ثابت کیا کہ وطن کی محبت اور فرض سے وفاداری کے جذبے کے سامنے مشکلات اور آزمائشیں کوئی حیثیت نہیں رکھتیں۔ قوم آج ان کی لازوال قربانی، عزم اور استقامت کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے

More posts