Baaghi TV

پمز تحقیقاتی کمیٹی کا فائر بریگیڈ ہیڈکوارٹر کا دورہ، ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا

fire

اسلام آباد: وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان نے فائر بریگیڈ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمیٹی نے کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے افسران اور آگ لگنے کے واقعے کے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے عملے کے بیانات قلمبند کرلیے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے آگ لگنے سے لے کر ریسکیو ٹیموں کے جائے وقوعہ پر پہنچنے تک کی مکمل ٹائم لائن کا جائزہ لیا۔ کمیٹی ارکان نے فائر بریگیڈ کی جانب سے فراہم کردہ رسپانس، کارروائی کے طریقہ کار اور ریسکیو آپریشن کی تفصیلات بھی چیک کیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے ریسکیو آپریشن کے دوران پیش آنے والی رکاوٹوں اور مشکلات سے متعلق بھی فائر بریگیڈ حکام سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ریسکیو ٹیموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات، جائے وقوعہ پر درپیش مسائل اور امدادی کارروائی میں لگنے والے وقت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان ہیں، جبکہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی آج واقعے سے متعلق عبوری رپورٹ پیش کرے گی، جبکہ کمیٹی کو مکمل تحقیقات اور سفارشات پر مشتمل حتمی رپورٹ پانچ روز میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کمیٹی اپنی رپورٹ میں واقعے کے مختلف پہلوؤں، ریسکیو ٹیموں کے رسپانس ٹائم، کارروائی کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور ذمہ داری کے تعین سمیت آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی شامل کرے گی۔

More posts