روم: یورپ اس وقت تاریخ کی شدید ترین گرمی کی لہروں میں سے ایک کا سامنا کر رہا ہے، جہاں اٹلی، فرانس، کروشیا، سربیا، البانیہ اور بلقان کے دیگر ممالک میں غیر معمولی درجہ حرارت نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ کئی شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اٹلی میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک ہے، جہاں 27 میں سے 25 بڑے شہروں میں شدید گرمی کے باعث ریڈ الرٹ نافذ ہے۔ شمالی شہر بولزانو سے لے کر جنوبی جزیرے سسلی کے شہر پالرمو تک درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔ دارالحکومت روم میں بھی مقامی شہریوں اور سیاحوں کو شدید گرمی کا سامنا ہے جبکہ طبی ماہرین نے بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔
کروشیا کے محکمہ موسمیات نے دارالحکومت زغرب سمیت مشہور سیاحتی شہروں ڈوبروونک اور اسپلٹ کے لیے بھی ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ادھر ایڈریاٹک سمندر میں واقع سیاحتی جزیرے وس پر جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے درجنوں فائر فائٹرز اور چار طیارے مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
پڑوسی ملک سربیا میں بھی درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ البانیہ میں جنوبی علاقے کے ایک گاؤں کے قریب بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم اس دوران جھاڑیوں اور زیتون کے باغات کا بڑا حصہ جل کر تباہ ہو گیا۔
فرانس میں بھی شدید گرمی کے باعث ہنگامی صورتحال برقرار ہے۔ وزیراعظم سباستیان لیکورنو نے ملک کے صحت سے متعلق ہنگامی ردعمل کے نظام کو اعلیٰ ترین سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی محکمہ صحت کے مطابق گرمی کی اس لہر کے باعث اب تک تقریباً ایک ہزار اضافی اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں، جن میں زیادہ تر بزرگ شہری شامل ہیں، جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق 20 جون سے جاری یہ گرمی کی لہر یورپ کی تاریخ کی شدید ترین ہیٹ ویوز میں شمار کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی یورپ پر قائم ہائی پریشر کا طاقتور نظام، جسے "ہیٹ ڈوم” کہا جاتا ہے، شدید گرمی کو ایک ہی خطے میں قید کیے ہوئے ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اور فوسل فیول کے بڑھتے ہوئے استعمال نے اس نوعیت کی شدید گرمی کی لہروں کو پہلے سے زیادہ بار بار اور زیادہ خطرناک بنا دیا ہے، جس کے اثرات توانائی کے نظام، بنیادی ڈھانچے، زراعت اور صحت کے شعبے پر واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
یورپ شدید گرمی کی لپیٹ میں، اٹلی میں ریڈ الرٹ جاری
