پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا فتنۃ الہندوستان کے خلاف آپریشن شعبان جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری مشترکہ آپریشن شعبان کے دوران پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہوائی اور زمینی کارروائیوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے-
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے آپریشن کے دوران مزید 4 خوارج کو ہلاک کردیا ہے، جس کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 71 ہوگئی ہے جبکہ 5 جولائی سے اب تک 109 خوارج مارے جا چکے ہیں ،سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضےسے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا، برآمد اسلحے میں ایم فور رائفل، ایس ایم جیز، راکٹ لانچر، موبائل فونز اور دیگر سامان بھی شامل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رہے گا جب کہ سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گی۔
واضح رہے کہ یہ کارروائی جولائی 2026 کے بالکل آغاز میں بلوچستان کے ضلع زیارت میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کے بعد شروع کی گئی تھی وہاں واقع مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے ایک بڑا حملہ کیا تھا، جس میں 9 بہادر پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے، اس حملے کے فوراً بعد حکو مت اور سیکیورٹی اداروں نے امن دشمنوں کے پورے نیٹ ورک اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا اسی فیصلے کے تحت پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس نے مل کر یہ مشترکہ محاذ سنبھالا ہے، جس کا بنیادی مقصد علاقے میں کالعدم تنظیموں اور عسکریت پسندوں کا مکمل صفایا کر کے عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانا اور امن قائم کرنا ہے۔
دوسری جانب زیارت میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید پولیس اہل کاروں کے لواحقین کا دھرنے کوئٹہ اور زیارت میں جاری ہیں حکومتی وفد کے ساتھ مذاکرات کے دو دور ہونے کے باوجود ڈیڈ لاک برقرار ہے، مظاہرین کی جانب سے زیارت واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا لیکن حکومتی وفد کی یقین دہانی کے باوجود مظاہرین نے دھرنا ختم نہیں کیا دھرنے کے قریب کنٹینر میں 8 پولیس اہلکاروں کی میتیں رکھی ہو ئی ہیں، دیگر پولیس اہلکاروں کی تدفین زیارت اور سنجاوی کے علاقوں میں کر دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 7 جولائی کو زیارت کے علاقے مانگی میں دہشت گرد حملے میں 30 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
