Baaghi TV

سپارکو کی محرم الحرام کے چاند سے متعلق اہم پیشگوئی

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (اسپارکو) اور محکمہ موسمیات نے محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے اہم پیش گوئیاں جاری کر دی ہیں۔ دونوں اداروں کے مطابق 15 جون کو محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، جس کے باعث یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون کو ہونے کی توقع ہے۔
‎اسپارکو کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 15 جون کو صبح 7 بج کر 54 منٹ پر متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 50 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے مطلوبہ معیار سے کم سمجھی جا رہی ہے۔
‎اعلامیے کے مطابق ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان تقریباً 40 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، تاہم چاند کی کم عمر اور دیگر فلکیاتی عوامل کے باعث اس کی رویت کے امکانات بہت محدود ہیں۔
‎دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی اسی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جون، جو 29 ذوالحج کے مساوی ہوگی، ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس روز پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم فلکیاتی صورتحال چاند کی رویت کے حق میں نہیں ہے۔
‎اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں چاند رات 7 بج کر 59 منٹ پر غروب ہوگا، سندھ میں رات 8 بج کر 5 منٹ، آزاد کشمیر میں رات 8 بج کر 7 منٹ، گلگت بلتستان میں رات 8 بج کر 12 منٹ، خیبر پختونخوا میں رات 8 بج کر 23 منٹ جبکہ بلوچستان میں رات 8 بج کر 34 منٹ پر غروب ہونے کی توقع ہے۔
‎رؤیت ہلال ریسرچ کونسل نے بھی اپنی پیش گوئی میں کہا ہے کہ 15 جون کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، جس کے باعث نئے اسلامی سال کا آغاز 17 جون سے ہونے کا امکان زیادہ ہے۔
‎یاد رہے کہ محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 15 جون کی شام لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں منعقد ہوگا۔ چاند کی رویت کے بارے میں حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی، جس کے بعد نئے اسلامی سال اور یوم عاشور کی تاریخوں کا باضابطہ تعین کیا جائے گا۔

More posts