Baaghi TV

برطانیہ، چرچ فیسٹیول کے دوران بڑا سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص ہلاک، 6 زخمی

برطانیہ کے ویسٹ سسیکس میں مسیحی فیسٹیول کے دوران ایک بڑا سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ کم از کم 6 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ کی سہ پہر اسٹیوننگ کے قریب وِسٹن پارک میں جاری بگ چرچ فیسٹیول 2026 کے دوران پیش آیا، جہاں ایک بڑا سائن بورڈ گر گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایسٹبورن سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ شخص کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ دیگر 6 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔فیسٹیول انتظامیہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس افسوسناک حادثے سے ’’انتہائی صدمے میں ہیں‘‘۔ انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد فیسٹیول کو فوری طور پر ختم کردیا گیا، حالانکہ اس کا اختتام اتوار کو ہونا تھا۔

انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ حادثے میں کم از کم 7 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ انتظامیہ نے متاثرہ افراد، ان کے اہل خانہ و دوستوں اور واقعے کے عینی شاہدین سے اظہار ہمدردی کیا۔پولیس اور دیگر ہنگامی امدادی ادارے جمعہ کی رات تک جائے وقوعہ پر موجود رہے۔ واقعے کی اطلاع ہیلتھ اینڈ سیفٹی ایگزیکٹو اور مقامی انتظامیہ کو بھی دے دی گئی ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور عوام سے کہا ہے کہ اگر کسی کے پاس حادثے کی ویڈیو موجود ہو تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔

بگ چرچ فیسٹیول کا آغاز 2009 میں ہوا تھا اور منتظمین کے مطابق یہ برطانیہ کا سب سے بڑا مسیحی فیسٹیول ہے۔ برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو قریبی علاقے شورہام میں ہوا کی رفتار 27 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔

More posts