Baaghi TV

پاکستان اور روس میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

dar

پاکستان اور روس نے تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید وسعت دینے، کثیرالجہتی فورمز پر رابطہ کاری مضبوط بنانے اور اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس سے قبل روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نےپاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، توانائی، رابطہ کاری سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا،دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط اور مسلسل سفارتی تبادلوں کا تسلسل نہایت اہم ہے،ملاقات میں خطے اور عالمی سطح پر پیش آنے والی اہم پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر آئندہ بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

یہ ملاقات 33ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جہاں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون اور عالمی چیلنجز سے متعلق امور پر غور کر رہے ہیں۔

More posts