محمد عباس لارڈز میں پانچ وکٹیں لینے والے پاکستان کے ساتویں باؤلر بن گئے
انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 57 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 22 اوورز میں 3 میڈن بھی کرائے۔
36 سالہ محمد عباس کی یہ ٹیسٹ کیریئر میں آٹھویں پانچ وکٹوں کی کارکردگی ہے، جبکہ لارڈز کے تاریخی میدان پر یہ ان کی پہلی پانچ وکٹیں ہیں۔
اس کارکردگی کے ساتھ محمد عباس لارڈز میں اننگز کے دوران پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے پاکستان کے ساتویں باؤلر بن گئے۔
ان سے قبل خان محمد، مدثر نذر، وقار یونس، مشتاق احمد، محمد عامر اور یاسر شاہ لارڈز میں یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
محمد عباس نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اب تک 32 ٹیسٹ میچز میں 128 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
