Baaghi TV


ڈیڈلائن ختم، افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کے خلاف کارروائیاں تیز، گرفتاریاں شروع

‎حکومت کی جانب سے مقررہ مہلت ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں افغان سٹیزن کارڈ (ACC) رکھنے والے افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں سرچ اور چیکنگ آپریشنز کے دوران متعدد افغان شہریوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے اور انہیں ہولڈنگ کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے۔
‎پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں مختلف علاقوں سے 50 سے زائد افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کیا گیا ہے۔ ان افراد کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں ضابطہ کار کے مطابق افغانستان واپس بھیجا جائے گا۔
‎ذرائع کے مطابق کارروائیاں صرف انفرادی افراد تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کو بھی تحویل میں لے کر ہولڈنگ کیمپ منتقل کیا جائے گا، جہاں امیگریشن اور دیگر قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ان کی واپسی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات حکومتی پالیسی اور مقررہ ڈیڈلائن کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم یا مقررہ مدت کے بعد بھی موجود افغان شہریوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔
‎پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف شہروں میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ ہولڈنگ کیمپوں میں منتقل کیے جانے والے افراد کی رجسٹریشن اور قانونی کارروائی کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
‎حکام کے مطابق ملک میں امیگریشن قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، جبکہ افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔

More posts