Baaghi TV


پاکستان ریلویز کے حادثات کی انکوائریاں التوا کا شکار، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی

Railways

‎پاکستان ریلویز گزشتہ ایک سال کے دوران پیش آنے والے متعدد ٹرین حادثات کی بروقت تحقیقات مکمل کرنے اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔ دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 سے 10 جون 2026 تک ملک بھر میں 31 سے زائد مسافر اور مال بردار ٹرینیں مختلف حادثات کا شکار ہوئیں، تاہم بیشتر واقعات کی انکوائریاں تاحال مکمل نہیں ہو سکیں۔
‎دستاویزات کے مطابق ان حادثات میں ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے، ایک دوسرے سے ٹکرانے، کھڑی گاڑیوں اور پاور پلانٹ وین میں آگ لگنے جیسے واقعات شامل ہیں۔ ہر حادثے کے بعد ابتدائی تحقیقات کے بعد فیڈرل انویسٹی گیشن آفیسر کی نگرانی میں اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، مسافروں اور ریلوے ملازمین کے بیانات قلم بند کیے، شواہد اکٹھے کیے اور اپنی تفصیلی رپورٹس متعلقہ حکام کو ارسال کر دیں۔
‎رپورٹس چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز، چیئرمین ریلوے اور وفاقی وزیر ریلوے کو بھجوائی گئیں، لیکن ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود غفلت یا لاپروائی کے ذمہ دار افسران اور ملازمین کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
‎ریلوے ذرائع کے مطابق صرف حالیہ سال ہی نہیں بلکہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ہونے والے کئی حادثات کی تحقیقات بھی مکمل ہو چکی ہیں، تاہم متعدد انکوائری رپورٹس پر مختلف اعتراضات لگا کر انہیں دوبارہ تحقیقات کے لیے واپس بھیج دیا گیا۔ دوبارہ تحقیقات مکمل ہونے کے باوجود بھی ذمہ داروں کے خلاف عملی کارروائی نہ ہونے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

More posts