اسلام آباد: پاکستان اور روس نے دہشت گردی کے خلاف دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور علاقائی و عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں 23 جون 2026 کو پاکستان اور روس کے درمیان انسدادِ بین الاقوامی دہشت گردی سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپکا بارہواں اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری سفیر محمد خالد خان جمالی نے کی، جبکہ روسی وفد کی سربراہی روسی وزارت خارجہ کے نائب وزیر دمتری لیوبنسکی نے کی۔
اجلاس میں خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خاص طور پر افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی اور اس کے پڑوسی ممالک سمیت پورے خطے کی سلامتی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں ممالک کے وفود نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں جاری دوطرفہ تعاون کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ معلومات کے تبادلے، صلاحیتوں میں اضافے اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور روس اقوام متحدہ (UN) اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
دونوں فریقوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل رابطے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
پاکستان اور روس کا دہشت گردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
