اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر معزز مہمان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایرانی صدر کا خیرمقدم کیا اور دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کرتے ہوئے نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔
تقریب کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔
دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جبکہ دونوں ممالک مختلف علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر بھی قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
توقع ہے کہ ایرانی صدر کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سفارتی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ ملے گا اور مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری مضبوط ہوگی۔
ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب، گارڈ آف آنر پیش
