اٹلی کے شہر موڈینا میں سیاسی پناہ کے مرکز میں مقیم ایک پاکستانی شہری کو اطالوی حکام نے گرفتار کرنے کے بعد ملک بدر کر دیا۔ حکام کے مطابق شہری کی جانب سے بھیجے گئے متعدد ای میلز میں ایسا مواد موجود تھا جسے عوامی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیا گیا۔
اطالوی حکام کے مطابق مذکورہ شخص نے کارابینیری (اطالوی پولیس) کو متعدد ای میلز ارسال کیں، جن میں اس نے دعویٰ کیا کہ اسے مختلف اقسام کے ہتھیار استعمال کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ اس نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر اسے اسلحہ اور قانونی اختیار فراہم کیا جائے تو وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ای میلز میں استعمال کی گئی زبان اور پیشکش کو انتہائی تشویشناک قرار دیا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا۔ تحقیقات مکمل ہونے پر متعلقہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
اطالوی حکام کے مطابق شہری کی ذہنی کیفیت اور اس کے طرزِ عمل کو عوامی امن و امان کے لیے ممکنہ خطرہ تصور کرتے ہوئے اسے اٹلی سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسے ملک بدر کر دیا گیا۔
حکام نے اس معاملے سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم واضح کیا کہ عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایسے تمام معاملات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔
اٹلی میں پاکستانی شہری گرفتار، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مسلح کارروائیوں کی پیشکش پر ملک بدر
