Baaghi TV


یوکرین پر روس کا بڑا میزائل اور ڈرون حملہ، 10 افراد ہلاک

russia

روس نے پیر کی صبح یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاکجبکہ 46 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں کیف پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے، جس نے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
‎کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو کے مطابق حملوں میں شہر کی 15 سے زائد رہائشی عمارتیں متاثر ہوئیں، جن میں تاریخی پوڈلسکی ضلع کی چار عمارتیں بھی شامل ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو نکالنے میں مصروف ہیں، جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
‎حکام کے مطابق کیف کے نواحی اضلاع میں بھی ایک شخص ہلاک اور کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
‎یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روس نے رات بھر میں 68 میزائل اور 351 ڈرون فائر کیے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پہلا دھماکا رات تقریباً 1:40 بجے سنا گیا، جس کے بعد 2:10 اور 3:15 بجے مزید حملے کیے گئے۔
‎فضائی حملوں کے سائرن بجتے ہی ہزاروں شہری اپنی جان بچانے کے لیے زیرِ زمین پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی اور کئی رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
‎یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے گزشتہ شب اپنے خطاب میں خبردار کیا تھا کہ نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل روس مزید بڑے حملے کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
‎تازہ حملوں نے ایک بار پھر یوکرین میں سکیورٹی صورتحال کو انتہائی کشیدہ بنا دیا ہے، جبکہ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور طبی امداد کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

More posts