پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دو روز کے دوران بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 11 جولائی کی شام سے 12 جولائی تک مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال سمیت شمالی اور وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
اسی طرح شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور ان کے گرد و نواح میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ اور بھکر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریسکیو اداروں اور واسا سمیت متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ آندھی یا بارش کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور غیر محفوظ مقامات سے دور رہیں، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
پی ڈی ایم اے کا پنجاب بھر میں بارشوں کا الرٹ
