اسلام آباد: پمز ہسپتال کی نرسری میں لگنے والی آگ اور دھماکے کے واقعے کی تحقیقات کے دوران ہوشربا انکشافات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق آگ اور دھماکے کے وقت نرسنگ اسٹاف اور ڈاکٹرز کے جائے وقوعہ سے بھاگنے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پمز ہسپتال کی نرسری میں آگ لگنے کے وقت ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کے مبینہ طور پر موقع سے فرار ہونے کی نشاندہی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نرسری میں آگ لگنے کے وقت نائٹ سپروائزر فانوس، اسٹاف نرس نسرین اور آیا جافضا بھی جائے وقوعہ سے بھاگ گئے۔تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ نرسری میں ڈیوٹی پر تعینات خاتون سیکیورٹی گارڈ بھی دھماکے کی آواز سنتے ہی موقع سے فرار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق خاتون سیکیورٹی گارڈ کے پاس نرسری روم کی چابیاں موجود تھیں اور وہ چابیاں لے کر ہی وہاں سے چلی گئی۔ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز سنتے ہی ڈیوٹی پر موجود ایک سینئر ڈاکٹر اور ایک ٹرینی کو بھی موقع سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات میں نرسری اور ہسپتال کے دیگر مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ فوٹیج سے واقعے کے وقت موجود عملے کی نقل و حرکت کا جائزہ لینے میں تحقیقاتی کمیٹی کو خاصی مدد ملی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید اہم انکشافات بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنائے جا رہے ہیں۔
