اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری اصلاحاتی اقدامات، ٹیکس نظام میں بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور رواں سال اقتصادی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس لیے حکومت ان کی پیداواری صلاحیت اور برآمدات میں اضافے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کاروباری طبقے کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر بنائے اور ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایف بی آر کے سینئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی کا دورہ کریں تاکہ تاجروں اور صنعتکاروں سے براہ راست ملاقات کرکے ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جو کمپنیاں ٹیکس قوانین پر مکمل عمل درآمد کر رہی ہیں، حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی اور ان کی خدمات کو باقاعدہ تسلیم کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے مطابق حکومت کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا، سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ دینا اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف، سادہ اور مؤثر بنانا ہے تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔
اجلاس کو ایف بی آر کی کارکردگی اور جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ بتایا گیا کہ شوگر، سیمنٹ، تمباکو، ٹائلز اور کھاد کی صنعتوں میں پیداواری نگرانی کا جدید نظام نصب کیا جا چکا ہے، جبکہ ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعت میں بھی یہ نظام مرحلہ وار نصب کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ کے مطابق شوگر سیکٹر میں گزشتہ ایک سال کے دوران پیداواری نگرانی کے نظام کے ذریعے اضافی 42 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اسی طرح سیمنٹ کی صنعت سے 38 ارب روپے جبکہ مشروبات کے شعبے سے 15 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول کیا گیا، جو اصلاحاتی اقدامات کی کامیابی کا واضح ثبوت قرار دیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور گورنر اسٹیٹ بینک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹیکس اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا تاکہ معیشت کو مستحکم، سرمایہ کاری کو فروغ اور قومی آمدن میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔
ایف بی آر اصلاحات کا جائزہ، کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا عزم
