وزیراعظم شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر نے وزیراعظم کا استقبال کیا جبکہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم سعودی عرب میں مختصر قیام کریں گے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق اس دورے سے سفارتی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا جا رہا ہے اور پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی نے بتایا تھا کہ وزیراعظم یہ دورہ سعودی ولی عہد کی دعوت پر کر رہے ہیں اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم ہے اور اس میں امن، جنگ بندی اور سفارت کاری کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، محمد بن سلمان سے اہم ملاقات متوقع
