Baaghi TV

لاہور،مال روڈ پر ملی لیبر فیڈریشن کا آزادی کاررواں

لاہور() پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے زیراہتمام یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں آزادی کاررواں کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف لیبر تنظیموں، سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ملازمین، مزدور رہنماﺅں، کارکنوں ، رکشہ ڈرائیوروں نے بھرپور شرکت کی۔ آزادی کاررواں ناصر باغ سے شروع ہو کر مسجد شہدا تک پہنچا، جہاں جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا۔

آزادی کاررواں میں آل پاکستان پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین سی بی اے، پاکستان ریلوے کلیریکل ایسوسی ایشن، ریسرچ کمپاونڈ اینڈ روڈ ڈیپارٹمنٹ، واپڈا یونین، پاکستان ریلوے ورکرز یونین، ریلوے انقلابی یونین، ملی رکشہ یونین پنجاب اور دیگر مزدور تنظیموں کے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔ شرکاءنے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ آزادی کاررواں کی قیادت پاکستان ملی لیبر فیڈریشن و ملی رکشہ یونین کے صدر رانا شمشاد اور مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل حمید الحسن گجرنے کی۔ آزادی کاررواں سے پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محبوب عالم سندھو، پاکستان ریلوے کلیریکل ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ خالد اقبال، ریلوے انقلابی یونین کے سرفراز خان، چوہدری عنایت علی گجر، ایپکا پنجاب کے چوہدری مختار گجر، ریلوے ورکرز یونین سی بی اے کے میاں خالد، میاں افضل، علی شیر سمیت مختلف مزدور تنظیموں کے رہنماﺅں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے صدر رانا شمشاد نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمیں عطا کیا گیا ایک عظیم اور انمول تحفہ ہے۔ یوم آزادی ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ حمید الحسن گجر و دیگر مقررین نے کہا کہ مزدور پاکستان کی معیشت اور ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ مزدوروں کے مسائل کے حل، روزگار کے تحفظ، اجرتوں میں بہتری، صنعتی امن اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرے۔

More posts