انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے 8 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ نمبر 714 میں نامزد ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے تمام ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وارنٹ گرفتاری جاری ہونے والے ارکان قومی اسمبلی میں شاہد خٹک، مولانا نسیم علی شاہ، عامر ڈوگر، عاطف خان اور اقبال آفریدی شامل ہیں۔
اسی مقدمے میں ارکان صوبائی اسمبلی مینا خان آفریدی، ڈاکٹر امجد اور شفیع جان کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
