وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کی مرضی کے اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
اسلام آباد کی چونگی نمبر 26 پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ آج بھی پرامن طریقے سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ سنجیدہ نوعیت کا ہے اور انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کرنا بنیادی انسانی حقوق کا تقاضا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی، وکلا اور ذاتی ڈاکٹروں سے ملاقاتیں بھی یقینی بنائی جانی چاہئیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ان کا کوئی غیرقانونی یا غیرآئینی مطالبہ نہیں بلکہ وہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی نے اپنے سیاسی مخالفین کے علاج کے معاملے میں فراخ دلی کا مظاہرہ کیا تھا، اس لیے انہیں بھی علاج کی مکمل سہولت دی جانی چاہیے۔
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ منتخب صوبائی قیادت کا راستہ روکنا امتیازی سلوک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک صوبے کے چیف ایگزیکٹو اور پوری کابینہ کو راستے میں روکنا جمہوری اقدار کے خلاف ہے جبکہ کارکنوں نے ہر موقع پر تحمل کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اسلام آباد کی چونگی نمبر 26 پر روک دیا گیا تھا جہاں وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جا رہے تھے۔
بانی پی ٹی آئی کو مرضی کے اسپتال میں علاج کی سہولت دی جائے، سہیل آفریدی
